کراچی(جیوڈیسک)صحافیوں کے تحفظ کے عالمی ادارے نے صحافیوں کے لیے بارہ خطرناک ترین ممالک کی ایک فہرست جاری کی ہے جس میں پاکستان آٹھویں نمبر پر ہے کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کی نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان گذشتہ سال اسی فہرست میں دسویں نمبر پر تھا لیکن ملک میں صحافیوں کے لیے بڑھتے ہوئے خطرات اور ان کی ہلاکتوں کے باعث اس مرتبہ پاکستان آٹھویں نمبر پر آگیا ہے۔
کہا گیا ہے کہ گزشتہ برسوں میں صحافیوں کے قتل میں ملوث کسی ایک فرد کو بھی سزا نہیں دی جا سکی جو باعثِ تشویش ہے۔ رپورٹ میں 2011 میں قتل ہونے والے جیو نیوز کے رپورٹر ولی بابر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس کیس کے تمام گواہوں کو بھی مار دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی صحافیوں کو دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی اداروں اور حکومت سے بھی دھمکیاں ملتی ہیں۔ادارے کی فہرست میں پہلی بار نائجیریا اور برازیل شامل ہوئے ہیں جہاں صحافیوں پر تشدد کے سب سے زیادہ واقعات ہوتے ہیں۔ رپورٹ میں صحافیوں کے لیے خطرناک ترین عراق کو قرار دیا گیا۔اس فہرست میں افغانستان، کولمبیا، میکسیکو اور سری لنکا بھی شامل ہیں۔ بھارت کا 12واں نمبر رکھا گیا ہے۔