وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ صدرزرداری کی صحت تسلی بخش ہے صدر کو باہمی مشورے سے دبئی بھیجا ان کی طبیعت بہتر ہے۔ اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ رات گئے میری صدر پاکستان سے بات ہوئی تھی اب ان کی طبیعت ٹھیک ہے۔ وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کو صدر کی بیماری پر اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ صدر پاکستان ان کے باہمی مشورے کے بعد دبئی علاج کے لیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر کی دیکھ بھال کیلئے وہاں ان کی پوری فیملی اور چند قریبی دوست موجود ہیں۔ کابینہ کے اجلاس میں صدر کی درازی عمر کیلئے وزیر اعظم گیلانی نے دعا بھی کروائی۔ واضح رہے کہ آج وفاقی کابینہ کے اجلاس میں موسم سرما کے گیس لودمینجمنٹ پلان پر غور کیا جا رہا ہے۔ کابینہ کے فیصلوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔