لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی اور آصف زرداری نے سازش کر کے صوبہ جنوبی پنجاب کے قابل عمل منصوبے کو برباد کر کے رکھ دیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نئے صوبوں کے ہر گز خلاف نہیں ہے مگر نئے صوبوں کے قیام کو ووٹوں اور انتخابی سیاست کی نظر نہیں کرنا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری نے غیر سنجیدہ پارلیمانی کمیشن بنایا۔
پیپلز پارٹی کے نادان دوستوں نے نئے صوبے کی تحریک کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت جو سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی تھی اس میں بھی ناکام رہے گی۔ اس موقع پر سابق گورنر لطیف کھوسہ کے ایڈاوئزر فاروق ارشد نے پیپلز پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔