شمالی وزیر ستان (جیوڈیسک) طالبان ذرائع نے کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ حکیم اللہ محسود کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی، حکیم اللہ محسود کی تدفین کے بعد کالعدم تحریک طالبان کے نئے سربراہ کا فیصلہ آج ٹی ٹی پی کی اعلیٰ شوریٰ کے اجلاس میں کئے جانے کا امکان ہے، اجلاس میں نئے امیر کیلئے ناموں پر غور ہو گا۔
ٹی ٹی پی کے نئے امیر کیلئے ناموں پر غور شروع کر دیا گیا ہے، شوریٰ کا اجلاس آج دوبارہ ہو گا۔ تحریک طالبان امیر حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کے بعد کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی شوریٰ کا اجلاس ہوا جس میں نئے امیر کے چناؤ کے لئے 3 نام زیر بحث لائے گئے،ان ناموں میں مولانا فضل اللہ امیر ٹی ٹی پی سوات، عمر خالد خراسانی امیر ٹی ٹی پی مہمند ایجنسی، کمانڈر خالد امیر ٹی ٹی پی جنوبی وزیرستان کے نام شامل ہیں۔
کالعدم تحریک طالبان کی قیادت کا سب سے مضبوط امیدوار جنوبی وزیرستان تنظیم کا سربراہ سجنا ہے۔ ٹی ٹی پی مہمند ایجنسی کے امیر عبدالولی کا نائب قاری شکیل بھی اہمیت اختیار کر سکتا ہے۔ اس سے قبل نیک محمد سے لے کر حکیم اللہ محسود تک ٹی ٹی پی کے چار امیر رہے، سب کا تعلق محسود قبیلے سے تھا۔
کالعدم تحریک طالبان کے نئے سربراہ کا فیصلہ اعلیٰ شوریٰ کرے گی جس کے اجلاس کے بارے میں حکیم اللہ محسود کی تدفین کے بعد پیش رفت ہو گی۔ پنجابی طالبان، عبدالولی اور دیگر گروپوں کے طاقت پکڑنے کے بعد کالعدم تحریک طالبان کے نئے سربراہ پر اتفاق مشکلات کا شکار ہو سکتا ہے۔