پشاور: (جیو ڈیسک) اٹھارہ ماہ سے طالبان کی قید میں زندگی گزارنے والے جامعہ اسلامیہ پشاور کے وی سی ڈاکٹر اجمل نے رہائی کیلئے مدد کی اپیل کی ہے۔ ان کا ویڈیو پیغام ذرائع کو ملا جس میں انھوں نے حکومت سے گلہ شکوہ بھی کیا۔
ڈاکٹر اجمل خان کے ویڈیو پیغام کو کسی پہاڑی علاقے میں ریکارڈ کیا گیا، ان کے عقب میں سرسبز پہاڑیاں دکھائی دے رہی تھیں۔ مغوی وائس چانسلر نے کہا کہ وہ اٹھارہ مہینوں سے طالبان کی قید میں ہیں، ان کی رہائی کے بدلے چار پاکستانی طالبان قیدیوں کا مطالبہ کیا گیا جسے حکومت پاکستان نے مسترد کردیا۔
ڈاکٹر اجمل خان نے کہا کہ حکومت نے ان کی خدمات کا اعتراف بھی کیا لیکن بعد میں ان کی حیثیت انتہائی حقیر کردی گئی۔ ڈاکٹر اجمل خان کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ وہ ملک و قوم سے گلے شکوے کے ساتھ عاجزانہ اپیل کررہے ہیں۔ ان کی پوری زندگی ملک و قوم کی خدمت میں گزری ہے۔