ممبئی: (جیو ڈیسک) بھارتی سپر اسٹار عامر خان نے اپنے ٹی وی شو پر ڈاکٹروں کی بدعنوانیوں کو موضوع بنانے پر معافی مانگنے سے انکار کر دیا ہے۔ بالی ووڈ ایکٹر عامر خان کا پہلا ٹی وی شو ستیا میو جئے تے کا موضوع بھارتیوں کو درپیش دیگر مسائل ہیں، اور وہ ہر ہفتے ایک الگ مسئلے کو شو میں پیش کرتے ہیں۔
ستیا میو جئے تے کی چوتھی قسط میں انہوں نے ڈاکٹروں کی بدعنوانیوں کو موضوع بنایا تھا ،جس کے بعد بھارت میں ڈاکٹروں کی تنظیموں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور معافی طلب کی ہے۔ ان تنظیموں کا کہنا ہے کہ اس شو کے ذریعے ان کے پیشے کی توہین کی گئی ہے اور عامر خان کو اس سلسلے میں معافی مانگنی چاہئے۔
تاہم عامر خان نے ایسا کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ معافی مانگنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے کیونکہ ڈاکٹری کے پیشے کی توہین انہوں نے نہیں بلکہ غلط کام کرنے والے ڈاکٹروں نے کی ہے ۔