کراچی : حق پرست ارکان صوبائی اسمبلی معین عامر پیر زادہ، شیراز وحید نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا کے ہمراہ کورنگی کی مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور امام بارگاہ کے منتظمین سے امن وامان اور بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے ملاقات کیں اس موقع پر ان کے ہمراہ میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور میمن ، S.E کورنگی پریم چند ، فوکل پرسن مبین صدیقی ، ڈائریکٹر ہیلتھ محمد رفیق شیخ اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے اس موقع پرحق پرست رکن صوبائی اسمبلی معین عامر پیر زادہ نے کہا کہ محرم الحرام میں اتحاد یکجہتی کو فرو غ دیا جائے اس وقت ملک اور قوم کو اتحاد یکجہتی کہ اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے تمام مکاتب فکر سے اپیل کی کہ وہ ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے بھائی چارے کی فضاء کو فروغ دینے کیلئے اپنا کر دار ادا کریں انہوں نے منتظمین عزاداروں پر زور دیا کہ جلوس اور مجالس عزاء کے دوران مشکوک اور شر پسند عناصر اور سازشیں کرنے والے عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں اگر کوئی مشکوک فرد نظر آئے تو فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے ذمہ داران کو آگاہ کریں حق پرست رکن صوبائی اسمبلی شیراز وحید نے کہا کہ حق پر ست قیادت قائد تحریک الطاف حسین بھائی ویژن کے عین مطابق عوام کی بلا امتیاز وتفریق عوام کے مسائل کے لئے کوشاںہے اور بلدیہ کورنگی کورنگی زون نے محرم الحرام میں بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنایا گیا ہے۔
یوم عاشورہ کے موقع پر برآمد ہونے والے جلوسوں اور مجالس میں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو انہوں نے کہا کہ اپنی صفوں میں امن وامان برقرار رکھیں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا نے کہا کہ انتطامیہ محرم الحرام میںعزاداروں کو ہر سال کی طرح امسال بھی مثالی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے مصروف عمل ہے اورکورنگی کی تمام امام بارگاہوں، مسجدوں اور جلوس کے گذر گاہوں، اور مجالس کے مقامات کے اطراف صفائی ستھرائی،روشنی اور دیگر بلدیاتی امور کے انتظامات محرم الحرام سے قبل جلد مکمل کر لئے جائیں گے۔
اس سلسلے میں افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیںانہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے عزاداروں کو بہتر اور مثالی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے گی۔