سیالکوٹ (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 11 مئی کا الیکشن سب سے بڑا فراڈ تھا، آزاد عدلیہ کے لیے جدوجہد کی ہے، عدالتوں سے ہی انصاف نہ ملے تو سڑکوں کے علاوہ کہاں جائیں۔
تحریک انصاف کے چیئرمین سیالکوٹ کے جناح اسٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ عمران خان نے کہا 11 مئی کا الیکشن سب سے بڑا فراڈ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے آزاد عدلیہ کے لیے 8 دن جیل میں گزارے اور اب عدالتوں سے انصاف نہ ملے تو عوام سڑکوں کے علاوہ کہاں جائیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں عام انتخابات میں دھاندلی کی گئی۔ الیکشن حکام پولنگ کے دن 2 بجے کہتے ہیں کہ ہم شفاف انتخابات کرانے میں ناکام ہو چکے۔ سرگودھا کے ایک پولنگ اسٹیشن پر 1500 ووٹرز تھے، ووٹنگ مکمل ہوئی تو 8 ہزار ووٹ نکلے، پوچھنے پر جواب ملا کے ٹائپنگ غلطی ہے۔
عمران خان نے یہاں بھی سوال اٹھایا کہ وہ جاننا چاہتے ہیں کہ عام انتخابات میں اور کتنی ٹائپنگ غلطیاں ہوئیں۔ ڈی پی او حافظ آباد نے(ن) لیگ کے لیے تقررری کیں، انہوں نے کہا کہ الیکشن کا نظام جب تک ٹھیک نہیں ہو گا ملک ترقی نہیں کرے گا۔
وفاقی بجٹ کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ بجٹ صرف پیسے والوں اور کرپٹ لوگوں کیلیے ہے، مزدور اور کسان طبقے کیلیے اس بجٹ میں کچھ نہیں۔ پی ٹی آئی چیرمین کا کہنا تھا کہ 200 ارب ڈالر ملک سے باہر پڑا ہے اور قوم بھیک مانگ رہی ہے۔