عدلیہ اور حکومت کی محاذ آرائی میں غریب آدمی بری طرح پس رہا ہے ۔آسیہ اسحاق
Posted on August 8, 2012 By Geo Urdu سٹی نیوز
لاہور(جی پی آئی)آل پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات آسیہ اسحاق نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنی کرپشن کو چھپانے کے لئے ریاست کے دو اہم ستونوں پارلیمنٹ اور عدلیہ کوکچھ اس انداز سے آمنے سامنے لا کھڑا کردیاکہ اب اس بات کا خدشہ ہے کہ تیسرا ستون فوج بھی ملوث ہوجائے۔ جس کا نتیجہ ریاستی اداروں کے بھیانک ٹکراؤ کی صورت میں سامنے آسکتا ہے۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی انفارمیشن سیکریٹریٹ سے وکلاء کے وفد سے گفتگو میں آسیہ اسحاق نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کو جمہوری اداروں کے استحکام سے کوئی غرض نہیں، حکمران ٹولہ گزشتہ ساڑھے چار سال سے عوامی مسائل سے لاتعلق ہوکر لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہے۔ عدلیہ اور حکومت کی محاذ آرائی میں غریب آدمی بری طرح پس رہا ہے، عوامی فلاح کے تمام منصوبے یا تو رک چکے ہیں یا انتہائی بد انتظامی کا شکار ہیں، پاکستان اسٹیل، پاکستان ریلویز، پی آئی اے اور دیگر قومی اداروں میں سفارش کا دور دورہ ہے، سیاسی بنیادوں پر بھرتیوں اور سابقہ ادوارمیں نکالے گئے ہزاروں نااہل ملازمین کی بحالی نے ان اداروں کو تباہی سے دو چار کردیا ہے۔
جو قومی معیشت کے لئے سفید ہاتھی بن چکے ہیں۔ دنیا بھر میں اس پائے کے ادارے منافع کمارہے ہیں مگرہمارے ملک میں بڑے بڑے عہدوں پر نااہل افسران کی تعیناتی کے باعث یہ ادارے اپنے ملازمین کو تنخواہیں دینے کے بھی قابل نہیں رہے۔ حکومت ان اداروں کو بیل آؤٹ پیکج دینے پر مجبور ہے۔ جو قومی معیشت کے لئے دھچکے سے کم نہیں۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے کی اہلیت نہیں رکھتی جس کے باعث غربت، بے روزگاری، بدامنی، انتہاپسندی اور دہشتگردی عروج پر ہے اور عالمی طورپر پاکستان کا تشخص متاثر ہورہا ہے۔ آسیہ اسحاق نے کہاکہ سابق صدر پرویز مشرف کی قیادت میں اے پی ایم ایل اب عوام کی امیدوں کا مرکز بن گئی ہے۔ اور آئندہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرے گی۔