بیجنگ : (جیو ڈیسک) چین نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے علاقائی پانیوں میں کسی بھی قسم کی فوجی مداخلت کے خلاف ہے ، چین کا ظاہری طور پر براہ راست اشارہ امریکہ،فلپائن ا ور ویت نام کی طرف تھا ۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی وزارت دفاع کے ترجمان گینگ یان شینگ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی فوج جنوبی بحیرہ چین میں غیر متنازعہ علاقے میں گشت کرتی ہے اور یہ قومی سا لمیت کا معاملہ ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی قسم کی فوجی مداخلت کی بھر پور مخالفت کریں گے ۔ترجمان کا کہنا تھا کہ قومی خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کے تحفظ کے لئے چینی فوج کا عزم غیرمتزلزل ہے ۔
چین کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جبکہ امریکہ نے 22ممالک کے ساتھ ہوائی میں سب سے بڑی بحری مشقوں کا آغاز کر دیا ہے ۔چین کو مشقوں میں شرکت یا مبصر کے طور پر بھی دعوت نہیں دی گئی ہے ۔ترجمان وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ ہم ان مشقوں کو بڑا معاملہ نہیں تصور کرتے اور نہ ہی یہ ہمارے لئے تشویش کا معاملہ ہے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایشیا بحرالکاہل میں مزید فورسز کی تعیناتی عالمی امن ،ترقی اور تعاون کے ساتھ ساتھ خطے کے ممالک کے درمیان اعتماد کے خلاف ہے ۔