علی سلیم

 

Ali Saleem

Ali Saleem

پاکستانی اداکار اور مشہور ٹی وی پروگرام بیگم نوازش علی شو کے میزبان
علی سلیم 1980کو پیدا ہوئے۔ بچپن ہی میں خاتون بننے کی خواہش ان کے اندر جاگی۔ اور گڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے ساتھ ساتھ کامیاب خواتین جیسا بننے کی آرزو کی۔ ان کی زندگی کا سب سے تلخ لمحہ 1995 میں ان کے والدین کی علیحدگی تھی۔

ٹی وی میں آمد
انہی مایوسی بھرے دنوں میں ان کی ملاقات ٹی وی اداکارہ مرحومہ یاسمین اسماعیل سے ہوئی۔ یاسمین نے انہیں امید کی کرن دکھائی اور آج ان کی شہرت میں یاسمین کا بڑا کردار ہے مئی انیس سو اٹھانوے میں آرٹ یا آٹا نامی ایک سٹیج شو میں بے نظیر بھٹو کی نقل اتاری۔

اپنی اداکاری کی وجہ سے انہیں بہت داد ملی اور شو بہت مقبول ہوا۔ اس کے بعد جیو ٹی کے پروگرام ہم سب امید سے ہیں میں بھی انہوں نے بے نظیر بھٹو کی خوبصورت پیروڈی کی یہ پروگرام ان کی مزید مقبولیت کا سبب بنا۔

بیگم نوازش علی
علی سلیم بیگم نوازش علی کے روپ میںدو ہزار چار میں لاہور میں دوستوں کی ایک محفل میں بیٹھے ہوئے بیگم نوازش علی شو کا آئیڈیا ان کے ذہن میں آیا۔ ایک ایسا ٹاک شو جس میں علی کو ایک طلاق یافتہ وسط عمر کی ایسی خاتون کے طور پر میزبانی کرنی تھی جو ہر کسی کو جانتی ہیں۔

شروع میں انہوں نے جیو ٹی وی سے شو کے بارے میں بات کی۔ وہاں سے انکار کے بعد جب وہ آج ٹی وی کے پاس اپنا آئیڈیا لے کر پہنچے تو وہاں ان کے آئیڈیا کو ہاتھوں ہاتھ لیا گیا۔ پہلی قسط سے ہی اس شو کو بہت پسند کیا گیا۔

اب تک اس شو میں سیاستدانوں سے لے کر فلمی اداکاروں اور کھلاڑیوں تک ہر طرح کے لوگ آ چکے ہیں۔ 2007 میں مختلف وجوہات کی بنا پر سلیم نے بیگم نوازش علی شو کو بند کرنے کا اعلان کیا۔ ان وجوہات میں اس شو میں ایک فرضی کرنل کا کردار شامل ہے۔

علی سلیم کے مطابق افواجِ پاکستان کی عوامی رابطہ کے ادارے نے سخت دبائو ڈالا جو اس پروگرام کے بند کرنے کی ایک اہم وجہ ہے۔ مگر اس بات کی تصدیق افواج پاکستان کے عوامی رابطہ کے ادارے نے نہیں کی۔