عمران خان کا مقدمے کو سپریم کورٹ لے جانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں :خواجہ آصف
Posted on August 8, 2012 By Geo Urdu سٹی نیوز
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر راہنما رکن قومی اسمبلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کا مقدمے کو سپریم کورٹ لے جانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے مقدمے کو عدالت میں لے جانے کا منتظر تھا ، انہوں نے اپنا چہرہ بے نقاب کر کے پاکستان کے عوام کو دکھانے کا موقع فراہم کیا ہے ۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ عمران خان مالی بے ضابطگیوں ، اسلام آباد میں 300 کنال کے گھر، حکومتی مراعات ، پلاٹ کے حصول اور مسلم لیگ (ن) کو نقصان پہنچانے کے لئے اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھوں کھلونا بننے کے الزامات کو عدالت میں لے کر نہیں گئے اور زکوة کے پیسے کھا جانے کے علاوہ دیگر معاملات کو عدالت میں لے کر نہ جانا ان الزامات کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے پر عائد تمام الزامات کو لے کر عدالت میں جائیں تاکہ عوام کے سامنے ان الزامات کی صحیح حقیقت واضح ہو سکے۔