عمران خان کی جانب سے مسلم لیگ ن کے الزامات مسترد

 

Imran Khan

Imran Khan

بیلنس شیٹ کے اجرا سے متعلق الزام پر ان کا کہنا تھا کہ ہماری بیلنس شیٹ تک ہر شخص کی رسائی ہے اور یہ ادارے کی ویب سائٹ پر بھی آویزاں ہے

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے الزامات میں سچائی ہے تو وہ عدالت میں جائیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ انڈامنٹ فنڈز کا مقصد ہی سرمایہ کاری ہوتا ہے، اس میں زکو کا کوئی پیسہ استعمال نہیں ہوا۔

 پریس کانفرنس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ شوکت خانم ان کا ذاتی اسپتال نہیں ۔ وہ انڈامنٹ فنڈز بورڈ کے ممبر بھی نہیں۔

 

ان کے بقول، سیاست چمکانے والے سیاستدانوں کو الزامات سے پہلے تھوڑی سی تحقیق کر لینی چاہیے تھی۔

بیلنس شیٹ کے اجرا سے متعلق الزام پر ان کا کہنا تھا کہ ہماری بیلنس شیٹ تک ہر شخص کی رسائی ہے اور یہ ادارے کی ویب سائٹ پر بھی آویزاں ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ رمضان میں لوگ دل کھول کر عطیات دیتے ہیں۔ گزشتہ روز سیالکوٹ سے چار کروڑ روپے بطور زکو شوکت خاتم کو ملے۔

ان کے بقول، خواجہ آصف نے اس پیسے کو الزام کے ذریعے روکنے کی کوشش کی ہے ۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف کی مقبولیت سے ن لیگ بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔  ان کے الفاظ میں، نواز شریف کے بیٹے کے پچاس ارب روپے ملک سے باہر ہیں۔

عمران خان نے دعوی کیا کہ ن لیگ کے ووٹرز کی تعداد 70 لاکھ سے زائد نہیں جبکہ تحریک انصاف کے صرف ممبرز ہی 70 لاکھ سے زائد ہیں۔