پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کا مقدمے کو سپریم کورٹ لے جانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے مقدمے کو عدالت میں لے جانے کا منتظر تھا۔ انہوں نے اپنا چہرہ بے نقاب کرکے پاکستان کے عوام کو دکھانے کا موقع فراہم کیا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان مالی بے ضابطگیوں، اسلام آباد میں 300 کنال کے گھر، حکومتی مراعات، پلاٹ کے حصول اور مسلم لیگ (ن) کو نقصان پہنچانے کے لئے سٹیبلشمنٹ کے ہاتھوں کھلونا بننے کے الزامات کو عدالت میں لے کر نہیں گئے اور زکو کے پیسے کھا جانے کے علاوہ دیگر معاملات کو عدالت میں لے کر نہ جانا ان الزامات کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے پر عائد تمام الزامات کو لے کر عدالت میں جائیں تاکہ عوام کے سامنے ان الزامات کی صحیح حقیقت واضح ہو سکے۔