متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے شہری عوام ایک مہینے کا راشن خریدلیں، حسینیت کے راستے پر چلتے ہوئے سر کٹوانے پر فخر محسوس کریں گے۔ الطاف حسین نے کراچی سمیت سندھ کے شہری عوام سے کہا ہے کہ اڑتالیس گھنٹے کے نوٹس کو چوبیس گھنٹے گذرجانے کے باوجود قتل و غارت گری کرنے والوں کیخلاف حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ عوام انتہائی کسمپرسی، غربت و افلاس کا شکار ہیں۔ الطاف حسین نے عوام سے درخواست کی کہ وہ کم از کم ایک مہینے کا راشن خریدلیں چاہے اس کیلئے انہیں گھر کی کوئی چیز ہی کیوں نہ بیچنا پڑے۔ الطاف حسین نے کہا کہ انیس سو اڑتالیس میں اپنی کشتیاں جلاکر آئے تھے، باربار کی نسل کشی، قتل و غارتگری ، حکومتی و ریاستی تشدد کو صبر و تحمل سے برداشت کرتے رہے۔ لیکن اب اپنے صبر کی تمام کشتیاں جلا ڈالی ہیں۔ ذلت کی زندگی پر عزت کی موت کو ترجیح دیں گے، عوام اس کیلئے ذہنی و جسمانی طور پر تیار ہوجائیں۔ الطاف حسین نے ارباب اختیار پر واضح کیا کہ تشدد اور دہشتگردی کے آگے ہرگز اپنا سر نہیں جھکائیں گے۔