غریبوں کا جینا محال کر دیا گیا ہے ٹول ٹیکس میں اضافہ کرکے کشمیریوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی جا رہی ہے ، عتیق الرحمان

بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) غریبوں کا جینا محال کر دیا گیا ہے ٹول ٹیکس میں اضافہ کرکے کشمیریوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی جا رہی ہے ان خیالات کااظہار نوجوان سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری عتیق الرحمان برسالوی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیاا نہوں نے کہاکہ کشمیر کونسل کشمیریوں کاہی خون چوس کر پاکستان میں ترقی لانا چاہتی ہے جس طرح ٹول ٹیکس میں بے تحاشہ اضافہ کرکے ٹرانسپورٹرز اور عام گاڑی مالکان کو لوٹا جا رہا ہے انتہائی حکومتی زیادتی ہے۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں کشمیریوں کے گلے کاٹ کر کشمیر کونسل کا اربوں کا بجٹ پاکستان منتقل کرنے کی سازش کی ہے جسے ہم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے انہوں نے کہاکہ دوسری طرف محکمہ صحت عامہ آزادکشمیر نے ہسپتالوں کے اندر انٹری فیسز اور مختلف ٹیسٹوں کی فیسوں میں بے تحاشہ اضافہ کرکے غریبوں سے علاج و معالجہ کی سہولیات چھیننے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر ٹول ٹیکسز اور ہسپتالوں کے اندر فیسوں میں بے تحاشہ اضافے کا نوٹیفکیشن واپس لے بصورت دیگر کشمیری عوام حکومت وقت اور پاکستانی حکمرانوں کیخلاف اٹھ کھڑے ہونے پر مجبور ہونگے اور اگر عوام اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر نکل آئے تو راست اقدام اٹھا نے سے گریز نہیں کرینگے ۔