غزہ (جیوڈیسک) غزہ پر اسرائیل کے ایک تازہ ترین فضائی حملے کے نتیجے میں 3 فلسطینی شہید ہو گئے، حملہ غزہ کے نواحی علاقے برشیوا میں کیا گیا۔اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جارحیت کے نتیجے میں اب تک پندرہ فلسطینی شہید جبکہ اٹھارہ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، ادھر غزہ کے مسلے پر سلامتی کونسل کے ہونے والے اجلاس میں اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ میں نے حماس کی قیادت پر واضح کر دیا ہے کہ اسرائیل اب اپنے علاقے میں غزہ کی جانب سے مزید حملے کو برداشت نہیں کریگا، نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل غزہ پر فضائی حملے جاری رکھے گا، اور ضرورت پڑی تو حملوں کا دائرہکار بڑھا دینگے۔
دوسری جانب عرب ممالک نے فضائی حملے میں فلسطینی شہریوں کی ہلاکت پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جبکہ مصر نے اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے، ادھر امریکہ نے اسرائیلی فضائیہ کے غزہ کی پٹی پر حملے کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ سے اسرائیل پر راکٹ حملے بند کئے جائیں۔
محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک سی ٹونر نے غزہ سے اسرائیلی سر زمین پر راکٹ حملوں کی شدید مذمت کی ہے، انہوں نے معصوم اسرائیلی اور فلسطینی عوام کے زخمی اور ہلاک ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔