وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ غیرملکی امداد ہمارے لیے بے عزتی کا باعث ہے، قوم فیصلہ کرے کہ عزت کی زندگی بسر کرنی ہے یا نہیں۔ یہ بات انہوں نے مہمند ایجنسی میں نیٹو فورسز کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے کیپٹن محمد عثمان کے اہلخانہ سے ساہیوال میں اظہار تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں کہی۔ شہباز شریف نے الزام عائد کیا کہ آصف زرداری اس ملک کا سودا کرنے والا سب سے بڑا بیوپاری ہے۔ اس موقع پر شہید کیپٹن محمد عثمان کی بیوہ طوبی عثمان نے وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے اپیل کی کہ شہدا کے خون کا بدلہ لیا جائے اور عارضی اقدامات کی بجائے مستقل طور پر غیروں کیلئے لڑی جانیوالی اس جنگ سے باہر نکلا جائے۔