فرانس (جیوڈیسک) فرانس میں شدید برفباری سے فیصد پروازیں منسوخ ، زمینی اور ریلوے کے راستے بھی متاثر۔ فرانس کی فضائی کمپنی نے پیرس ایئر پورٹ سے اپنی 40 فیصد مختصر اور درمیانی دورانیہ کی پروازیں منسوخ کر دیں جبکہ دوسرے روز بھی شدید برفباری کے باعث فضائی، زمینی اور ریلوے کے راستے متاثر ہوئے۔
فضائی کمپنی نے کہا ہے کہ اس کی تمام طویل دورانیہ کی پروازیں پیرس کے چارلس ڈیگولے اور اورلے ایئر پورٹوں سے جائیں گی لیکن ایئر پورٹ حکام نے خبردار کیا ہے کہ برفباری جاری رہنے کے باعث یہ فضائی راستہ بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔ جمعہ سے برفباری نے فرانس کے شمال اور جنوب مغرب کے ایک بڑے حصے کو برف سے ڈھانپ دیا ہے جہاں پر کچھ مقامات پر 15 سے 20 سینٹی میٹر تک برفباری ہوئی ہے۔
اس سے فرانس کا ٹی جی وی تیز رفتار ریل نیٹ ورک بھی تاخیر کا شکار ہوا ہے جبکہ پولیس کو پیرس بھر میں بس سروس کو بھی منسوخ کرنا پڑا۔ برفباری سے ہفتے کے اختتام پر سڑکوں کی صورتحال بھی انتہائی خطرناک ہو چکی ہے جن میں متعدد کار حادثات بھی ہوئے۔