سندھ : (جیو ڈیسک) ایک ماہ قبل مبینہ طور پر اغواء ہونے والی نو مسلم خاتون فریال شاہ کو آج سپریم کورٹ میں پیش کیا جائیگا۔ فریال شاہ کے آبائی علاقے گھوٹکی میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
اسلام قبول کرکے اپنی پسند کی شادی کرنیوالی اس خاتون کے آبائی علاقے ضلع گھوٹکی میں دفعہ ایک سوچوالیس نافذ کر دی گئی ہے۔ ضلع بھر میں ایک ہزار پولیس اور پانچ سو پولیس کمانڈوز کے علاوہ پانچ سو رینجرز اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ ڈہرکی اور میرپور ماتھیلو میں رینجرز اور پولیس کی جانب سے فلیگ مارچ بھی کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق بیس سے زاہد مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ادھر اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فریال شاہ سابقہ نام رینکل کمارہ کی والدہ سلچنی بائی نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے الزام لگایا پولیس رینکل کماری کو والدین کے خلاف بیان دینے پر مجبور کر رہی ہے۔