امریکہ : (جیو ڈیسک) ہالی ووڈ کی ایکشن فلم ہنگر گیمز نے اپنی ریلیز کے پہلے ہفتے میں امریکی باکس آفس کے لیے آمدنی کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔اس فلم نے نمائش کے پہلے ہی ہفتے میں ایک سو پچپن میلین امریکی ڈالر حاصل کیا۔آج تک کسی بھی فلم کی نمائش کے پہلے ہفتے میں کمائی کے اعتبار سے یہ رقم تیسرے نمبر پر ہے جبکہ یہ اس معاملے میں اول نمبر پر ہے کہ یہ کسی فلم کا سیکوئل نہیں ہے کیونکہ اس سے قبل اگر کسی فلم کی پہلے ہفتے میں اس سے زیادہ کمائی ہوئی ہے تو وہ کسی نہ کسی فلم کا سیکوئل تھیں۔
اس فلم سے قبل گذشتہ سال ہیری پوٹر کی آخری کڑی نے اپنے پہلے ہی ہفتے میں 162.2 میلین کی تجارت کی تھی۔ اور یہ اب تک کی ریکارڈ کمائی ہے۔اس سے قبل2008 میں دی ڈارک نائٹ نے اپنی نمائش کے پہلے ہفتے میں 158.4 میلین کی تجارت کی تھی۔سوزانے کولنز کے ناول پر مبنی فلم ہنگر گیمز ایک ایسی دوشیزہ کی کہانی ہے جو کہ زندگی اور موت کے گیم شو میں اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہی ہے۔ اس دوشیزہ کا کردار مشہور ہالی ووڈ اداکارہ جینیفر لارنس نے نبھایا ہے جنہیں سن دو ہزار گیارہ میں ونٹرز بون جیسے زبردست ڈرامے میں آسکر انعام کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
فلم ہنگر گیمز کا مشہور فلم ٹوائلائٹ سیریز سے موازنہ کیا جا رہا ہے۔ ٹوائلائٹ نوجوانوں کی ناول سیریز پر مبنی فلم ہے۔ بہر حال ہنگر گیمز نے ٹوائلائٹ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جس کی ایک سیریز ٹوائلائٹ دی نیو مون نے نمائش کے پہلے ہفتے میں ایک سو اکتالیس میلین کی کمائی کی تھی۔ فلم کو ریلیز کرنے والی کمپنی لائنز گیٹ کے ڈسٹری بیوشن کے سربراہ نے کہا اس طرح سے اور اس سطح پر لانچ کرنا حیران کن ہے۔انہوں نے کہا کہ میں یہ دیکھنے کے لیے بیتاب تھا کہ لوگ اسے کس طرح لیں گے اور اس کا حصہ بن کر وہ کس قدر رومانی ہونگے۔