فنکشنل لیگ نے وفاقی حکومت میں شمولیت کی دعوت قبول کرلی

Functional League

Functional League

کراچی(جیوڈیسک)مسلم لیگ فنکشنل نے میاں نواز شریف کی وفاق میں حکومت اور سندھ میں اپوزیشن میں شمولیت کی دعوت قبول کر لی۔مسلم لیگ فنکشنل انتخابات میں دھاندلی کے خلاف جمعرات کو سندھ میں ہڑتال کی کال دے گی۔جیو نیوز کے نمائندے ارشد وحید چودھری کوذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کی ہدایات پر ن لیگ کے رہنماوں سینیٹر جعفر اقبال، لیاقت جتوئی اور رانا مشہود نے پیر پگاڑا سے ملاقات کی۔

اس دوران مسلم لیگ ن کی طرف سے مرکز میں وفاقی حکومت اور سندھ میں اپوزیشن میں ساتھ چلنے کی دعوت کو قبول کر لیا گیا۔ ملاقات میں امتیاز شیخ اور محمد علی درانی نے پیر پگاڑا کی معاونت کی۔اس دوران طے پایا کہ مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما امتیاز شیخ جمعرات کو لاہور میں شہباز شریف سے ملاقات کریں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں پیر پگاڑا میاں نواز شریف سے لاہور میں ملاقات کریں گے۔

ملاقات میں سندھ میں انتخابات میں وسیع پیمانے پر دھاندلی کے بارے تحفظات ظاہر کئے گئے اور کہا گیا کہ گورنر اور وزیر اعلی سندھ انتخابی دھاندلی میں براہ راست شریک تھے، یہ بھی طے پایا کہ سندھ میں انتخابی دھاندلی کے خلاف مسلم لیگ فنکشنل جمعرات کو سندھ بھر میں ہڑتال کی کال دے گی۔

جبکہ مسلم لیگ ن ہڑتال کی بھرپور حمایت کرے گی۔یہ بھی جائزہ لیا گیا کہ سندھ میں انتخابی اتحاد میں شامل جماعتوں نے معاہدے پر موثر عمل نہ کیا ورنہ مزید نشستیں جیتی جا سکتی تھیں،ملاقات میں ایم کیو ایم کے قائد الظاف حسین کی تقریر پر بھی تحفظات ظاہر کئے گئے۔ادھر میاں نواز شریف کی ہدایت پر سردار ایاز صادق اور عبد القادر بلوچ پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور بلوچستان کی دیگر جماعتوں کے رہنماوں سے حکومت سازی کے لیے بات چیت کریں گے۔