پاکستان : (جیو ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سینئر بلے باز یونس خان نے کہا ہے کہ اگر مستقبل میں ٹیم کی قیادت کی پیشکش ہوئی تو اسے قبول کر لوں گا۔ بڑھتی ہوئی عمر کے باوجود مکمل طور پر فٹ ہوں اور کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں، ریٹائرمنٹ سے قبل 100 ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی نمائندگی ہدف ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا پاکستان کا دورہ نہ کرنے پر بے حد دکھ ہو ا تاہم ایک قوم ہونے کی حیثیت سے ہم سب کو ان عناصر کے خلاف مل کر کام کرنا ہو گا جو پاکستان کے امیج کو خراب کرنے میں ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کی قیادت کھلاڑی کیلئے اعزاز کی بات ہوتی ہے، کپتانی کے پیچھے کبھی نہیں بھاگا ہمیشہ ملک کیلئے کھیلا ہوں لیکن اگر پاکستان کرکٹ بورڈ نے مستقبل میں پیشکش کی تو اسے قبول کر لوں گا۔ یونس خان نے کہا کہ جب تک ملک میں بین الاقوامی کرکٹ بحال نہیں ہو جاتی تب تک میڈیا کو چاہیے کہ وہ تمام تر توجہ ڈومیسکٹ کرکٹ کی نشاندہی پر رکھے۔ ان کا کہنا ہے کہ 34 سال کا ہونے کے باوجود وہ ابھی کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور انہیں کسی بھی کھلاڑی کی قیادت میں کھیلنے سے کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ ان کی اولین ترجیح ملک کی نمائندگی کرنا ہے۔