پاکستان کے سب سے بڑے ڈومیسٹک سیزن قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پی آئی اے نے زیڈ ٹی بی ایل کو نو وکٹوں سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے فائنل میچ کے چوتھے روز زیڈ ٹی بی ایل کی ٹیم ستر رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پی آئی اے کو جیت کیلئے مجموعی طور پر ایک سو آٹھ رنز کا ہدف ملا۔ انور علی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے چار، نجف شاہ اور علی عمران نے تین،تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جواب میں پی آئی اے نے ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرتے ہوئے ساتویں مرتبہ ٹرافی جیت لی۔ اسلام آباد کے آفاق رحیم بہترین بیٹسمین، پی آئی اے کے علی عمران بہترین بولر، زیڈ ٹی بی ایل کے ذوالقرنین حیدر بہترین وکٹ کیپر اور شاہد یوسف بہترین فیلڈر قرار پائے۔ فائنل میچ میں عمدہ بولنگ پر پی آئی اے کے انور علی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔