قومی ایئر لائن (جیوڈیسک) قومی ایئر لائن کی پروازوں میں تاخیر کا سلسلہ جاری ہے، مسافروں کو گھنٹوں انتظار کی صعوبتیں جھیلنا پڑرہی ہے۔ حکام واضح جواب دینے سے قاصر ہیں۔ طیاروں کی عدم دستیابی، تو کبھی حج آپریشن کا بہانہ، جب اس سے بھی دال نہ گلی تو پی آئی اے حکام نے رن وے صفائی کا حیلہ کرکے اپنی ساکھ بچانے کے لئے کوششیں شروع کردیں۔ قومی ایئر لائن کی پروازوں میں گھنٹوں کی تاخیر معمول کی بات بن گئی ہے۔اسلام آباد سے اسکردو جانے والی پرواز پی کے فور فائیو ون چار گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔اسلام آباد سے لاہور آنے والی پرواز پی کے تھری ایٹ فائیو طیارہ کی عدم دستیابی کے باعث تین گھنٹے تاخیر سے اڑان بھرے گی۔
اسلام آباد سے گلگت جانے والی پرواز پی کے سکس زیرو فایئو ٹو کی پرواز میں دوگھنٹے تاخیرکااعلان کیا گیا ہے۔کراچی سے بہاولپور جانیوالی پرواز پی کے تھری فور سکس بھی دو گھنٹے موخر ہے۔ بین الااقوامی پروازوں میں لاہور سے دہلی کے لئے اڑان لینے والی پرواز پی کے ٹو سیون زیرو کو ڈھائی گھنٹے تاخیر کا سامنا ہے۔ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق پروازوں میں تاخیر کی بنیادی وجہ اسکردو اور گلگت ایئر پورٹ پر مرمتی کام بتایا جا رہا ہے۔