اسلام آباد: (جیو ڈیسک) لال مسجد آپریشن سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کردی گئی۔ عدالت عظمی نے آپریشن سے متعلق دو ہزار سات کے احکامات پر عمل کرنے کی ہدایت کردی۔
چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے لال مسجد آپریشن سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالتی فیصلے کی روشنی میں تھانہ آبپارہ میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ آپریشن کے دوران لاپتہ ہونے والے بچوں کے والدین کی ایف آئی آر درج کی جائے۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی ہدایت کی کہ غیر ضروری افراد کواس کیس میں ملوث نہ کیا جائے اوراداروں کو اسکینڈلائز نہ کیا جائے۔ کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کیلیے ملتوی کر دی گئی۔