لاہور پولیس نے گورنر پنجاب کا جعلی پروٹوکول آفیسر اور محافظ بن کر شہریوں کو لوٹنے والے دو جعل سازوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان سے جعلی مہریں اور کارڈ برآمد کر لئے۔ مصری شاہ پولیس کے مطابق یاسین نامی شخص اپنے آپ کو گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کا پروٹوکول آفیسر ظاہر کرکے لوگوں کو سرکاری محکموں میں ملازمت دلانے کے بہانے رقم طلب کرتا اور بعد میں اپنے ساتھیوں نسیم اور مدثر کو گورنر پنجاب کا محافظ ظاہر کر کے ان کے ذریعے رقم وصول کرتا تھا۔ پولیس نے شکایات ملنے پر دو افراد کو ریکی کے بعد گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے کارڈ مہریں اور دولاکھ روپے سے زائد نقدی برآمد کر لی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں گرفتارملزمان نے متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے جبکہ ان کا ایک ساتھی مدثر تاحال گرفتار نہیں ہو سکا۔