لاہور : (جیو ڈیسک)وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ امید کی آخری کرن ہے جسے بجھنے نہیں دیں گے، شفاف الیکشن کے لیے جمہوری قوتیں گرینڈ الائنس پر متفق ہوجائیں۔لاہور میں جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن سے ملاقات کے بعد میڈیا کانفرنس میں وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ ملک کے اندر لوٹ مار کا بازار گرم ہے سپریم کورٹ امید کی آخری کرن سے جسے بجھنے نہیں دینگے۔ شہباز شریف نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ شفاف الیکشن کے لیے جمہوری قوتوں کا گرینڈ الائنس ناگزیر ہے۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن کا کہنا تھا کہ عدلیہ کو دیوار سے لگانے کی سازش بے نقاب ہوگئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ہی ادارہ ہے جس سے عوام کی امیدیں بندھی ہیں۔ میاں شہباز شریف کی جماعت اسلامی کے امیر سے ملاقات آئندہ الیکشن کے لیے انتخابی اتحاد سے متعلق تھی تاہم بات تبادلہ خیال سے آگے نہ بڑھ سکی۔