لاھور (جیوڈیسک) لاھور میں آتشزدگی کے ایک اور واقعے نے 6 افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کر دیئے، واقعے میں جاں بحق ہونے والا چار سالہ بچہ بھی والدین کو ہمیشہ کیلئے سوگوار کر گیا۔
منٹگمری روڈ پر ایک عمارت میں ہفتے کی رات 11بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے مزید دو پلازوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ تینوں پلازوں میں بیس کے قریب خاندان آباد تھے۔ آگ اتنی شدید تھی کہ کسی کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا۔ واقعے میں 6 افراد جاں بحق اور پندرہ بری طرح جھلس گئے۔
دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے چار سالہ بچہ اسپتال میں چل بسا۔ تینوں پلازوں میں موجود سپئیر پارٹس، ریگزین اور پلاسٹک سمیت کروڑوں روپے کا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو کی 16 گاڑیوں نے سات گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا جبکہ 43 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ قریبی عمارتوں میں رہائش پذیر افراد کا کہنا تھا کہ پلاسٹک اور قالینوں کے باعث پلازے میں لگی آگ مزید شدت اختیار کر گئی۔