لاہور(جیوڈیسک)وزیر اعلی پنجاب نے لاہور میں جرائم کی روک تھام کے لیے 4 ہزار ریٹائرڈ فوجی کانٹریکٹ پر فوری بھرتی کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
لاہور میں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب نے احکامات جاری کیے کہ لاہور میں جرائم کی روک تھام کے لیے فوری طور پر ریٹائرڈ فوجی کانٹریکٹ پر بھرتی کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کو بہتر بنانے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے اور سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے گلی محلوں میں پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جرائم کے حوالے سے شکایات کے فوری ازالے کے لیے اینٹی کرائم ہیلپ لائن کے قیام کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے جبکہ چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مشاورت سے ہیلپ لائن بارے میں 7 روز میں رپورٹ پیش کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ بھتہ خوری کی وارداتوں کے لیے موثر منصوبہ بندی کی جائے۔