لاہور: وکلاء کی طرف سے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، لاہور کی سیشن عدالت کے احاطے میں وکلاء کے ایک گروپ نے آج ایک اے ایس آئی کی دھلائی کر دی۔ دو ہزار نو کے بعد وکلاء کی جانب سے تشدد کے واقعات میں دن بدن تیزی آتی جا رہی ہے، حالیہ واقعہ میں وکیل ملک عبدالرشید نے ایڈیشنل سیشن جج مشتاق الہیٰ کی عدالت کے باہر پیشی کے لئے آئے ہوئے تھانہ گرین ٹاؤن کے اے ایس آئی زوہیب اعوان کو معمولی تلخ کلامی پر تشدد کا نشانہ بنا دیا۔
وکلاء کی جانب سے تشدد کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ چار روز قبل بھی ایک وکیل نے فیصل آباد میں جج صاحب کو جوتا مارا، اسی طرح گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں بھی وکلاء کی جانب سے کبھی پولیس کبھی جج اور کبھی عام سائل کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے اور بعض واقعات میں تو اگر لڑائی کے لئے کوئی نہیں ملا تو وکلاء آپس میں ہی دست و گریبان ہو گئے۔