لاہور ہائیکورٹ کے چار ایڈیشنل ججز نے مستقل ججوں کی حیثیت سے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا۔ حلف برداری کی پروقار تقریب لاہور ہائیکورٹ میں منعقد ہوئی۔ چیف جسٹس شیخ عظمت سعید نے مستقل ہونے والے ججوں سے انکے عہدے کا حلف لیا۔ حلف اٹھانے والے ججوں میں جسٹس محمد یاور علی، جسٹس مامون الرشید شیخ، جسٹس محمد فرخ عرفان خان اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی شامل ہیں۔ چاروں ججز کو فروری 2011 میں پارلیمانی کمیٹی نے ایک سال کی توسیع نہیں دی تھی تاہم سپریم کورٹ کے حکم پر پارلیمانی کمیٹی کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر چاروں ججز کو ایک سال کی توسیع دے دی گئی تھی۔ حلف برداری کی تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار، عدالتی عملے، لاافسروں سینیئر وکلااور ججوں کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ لاہور ہائیکورٹ میں مستقل ججوں کی تعداد اب بڑھ کر چوبیس اور ایڈیشنل ججوں کی تعداد کم ہوکر گیارہ رہ گئی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شیخ احمد فاروق جمعرات کو اپنی عمر کی معیاد مکمل ہونے کی بنا پر ریٹائرڈ ہو رہے ہیں۔ جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں کل ججوں کی تعداد 34 ہوجائے گی۔