لندن فیشن ویک (جیوڈیسک) لندن فیشن ویک کی رنگینیاں اپنے عروج پر ہیں، اس سال فیشن ویک کی خاص بات یہ ہے کہ ماضی کے ملبوسات کو ایک نئی جہت دے کر منفرد انداز میں متعارف کرائے گئے۔موسم بہار2013 کے لیے دلفریب ڈیزائنز والے ملبوسات کی نمائش نے حاضرین کو فیشن کی ایک نئی دنیا سے آشنا کیا، بہار کی مناسبت سے دلکش رنگوں اور ملبوسات کے منفرد ڈیزائنز کے حسین امتزاج نے ڈیزائنرز کے خوابوں میں حقیقت کا رنگ بھر دیا اور خوابناک ماحول میں ریمپ پر جلوے بکھیرتی ماڈلز کے کیٹ واک نے ان ملبوسات کی خوبصورتی میں مزید چار چاند لگا دیئے جبکہ شوبز اور اسپورٹس اسٹارز کی شرکت نے فیشن ویک میں ایک نئی جان ڈال دی۔
جہاں ایک طرف ریمپ پر ماڈلز کے جلوے بکھیرتے نظارے تھے تو دوسری جانب اسٹارز کی شرکت سے حاضرین کو خوشگوار حیرت کا سامنا تھا۔ڈیزائنر کرسٹوفر بائیلے نے رنگین میٹلک ٹرنچ کوٹس سمیت موسم بہار کے لیے قوس و قزح کے رنگوں سے مزین دلکش ڈیزائنوں کے ملبوسات کی نمائش کے لیے ماڈلز کو ریمپ پر اتارا تو حاضرین کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں جبکہ کرسٹوفر کینز کے موسم بہار دو ہزار تیرہ کے لیے ہلکے اور شوخ رنگوں والے ملبوسات بھی حاضرین کی توجہ کا مرکز تھے۔
ریمپ پر ہرے نیلے ،سفید، لال اور پیلے رنگوں نے ایک دلکش سماں پیدا کر دیا۔ معروف گلو کارہ لیڈی گاگا نے ثابت کیا کہ وہ بھی اس فیشن شو کو یادگار بنانے کی اہلیت رکھتی ہیں۔ وہ ڈیزائنر فلپ ٹریسی کے ہیٹ پہنے ایک نئے انداز اور دلکش روپ میں ریمپ پر جلوہ گر ہوئیں۔یو ایس اوپن کے فاتح ٹینس پلیئر اینڈی مرے اپنی گرل فرینڈ کم سیرا کے ہمراہ شریک تھے۔ دوسری جانب بالی ووڈ اداکار سیف علی خان، سلم ڈاگ ملینیئر کے مرکزی اداکار سمیت دیگر اسٹارز نے بھی اس شو کا یادگار بنا دیا ۔