ارجنٹائن (جیوڈیسک) ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی سپینش لیگ لا لیگا کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں انھوں نے بارسلونا کی جانب سے سیویلا کے خلاف ہیٹرک کرکے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔
واضح رہے کہ میسی نے جب فری کک پر خوبصورتی کے ساتھ پہلا گول کیا تو انھوں نے ٹیلمو زررا کے 251 گول کا ریکارڈ برابر کر لیا۔ اس سے قبل کھیلے جانے والے تین میچوں میں وہ کوئی بھی گول کرنے میں ناکام رہے تھے۔
اس کے بعد انھوں نے جوابی حملے سے جب دوسرا گول کیا تو وہ ان کا تاریخی گول تھا پھر اس کی چند منٹ بعد ہی انھوں نے تیسرا گول کرکے سپینش لیگ میں اپنے گول کی تعداد 253 کر لی۔
اس سے قبل چیمپیئنز لیگ میں انھوں نے راول کے 71 گولوں کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔انھوں نے اجاکس کے خلاف بارسلونا کی دو صفر سے جیت کے دوران برابر کیا۔ دونوں گول میسی نے کیے تھے۔ بارسلونا کے مینیجر لوئی اینرک نے کہا میسی بلاشبہ دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں جنھیں میں نے ایک کھلاڑی اور کوچ کے طور پر دیکھا ہے۔
سیویلا کے خلاف میسی اپنے زبردست فارم میں نظر آئے۔ بارسلونا نے یہ میچ ایک کے مقابلے پانچ گول سے جیتا۔ میسی کے علاوہ برازیل کے کھلاڑی نیمار اور ریکٹک نے بھی گول کیے۔ میسی لا لیگا میں سب سے زیادہ 253 گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ وہ بارسلونا کے آج تک کے سب سے زیادہ 368 گول کرنے والے فٹبالر بھی ہیں۔ چیمپیئنز لیگ میں راول کے ساتھ وہ سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔
انھوں نے لگاتار لا لیگا کے 21 میچوں میں گول کیے جو ایک ریکارڈ ہے۔ ایک سیزن میں سب سے زیادہ 68 گول کرنے والے فٹبالر بھی میسی ہیں۔ لالیگا کے کسی ایک سیزن میں بھی سب سے زیادہ گول کرنے والے میسی ہی ہیں۔ اس کے علاوہ کسی ایک سال میں سب سے زیادہ 91 گول کرنے والے کھلاڑی بھی میسی ہیں۔