ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ رواں مالی سال دو ہزار گیارہ بارہ کے پہلے پانچ ماہ کے دوران ملکی برآمدات میں پانچ فیصد اور درآمدات میں بیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تازہ جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے نومبرکے دوران ملکی برآمدات نو ارب چونتیس کروڑ ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی ہیں۔ جبکہ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران ملکی برآمدات آٹھ ارب پچانوے کروڑ ڈالر تھیں۔ اس طرح ملکی برآمدات میں پانچ فیصد کااضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔ دوسری جانب ملکی درآمدات میں بھی بیس فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پانچ ماہ کے دوران درآمدات اٹھارہ ارب بیالیس کروڑ ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے کیدوران درآمدات پندرہ ارب چالیس کروڑ ڈالر تھیں۔