کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کے فرائض میں اہم ذمہ داری علاقائی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے ذریعے عوامی سہولیاتی اُن کی دہلیز تک فراہمی کے ساتھ صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کا قیام ہے ،صفائی وستھرائی کے نظام میں انقلابی تبدیلیاں لاکر شاہ فیصل ٹائون میں عوام کو صاف ستھرا صحت مند ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے۔
ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے چیف آفیسر کمال مصطفی اور متعلقہ بلدیاتی افسران کے ہمراہ شاہ فیصل ٹائون کی مختلف یونین کونسل میں صفائی وستھرائی اور عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن کے تمام محکموں کے افسران کے علاوہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران بھی موجود تھے۔
نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ صاف ستھرا ماحول علاقائی خوبصورتی اور صحت مند معاشرے کی علامت ہے بلدیاتی ادارے اس پر بھر پور توجہ دیں اور اپنی تمام تر محکمانہ کاشیں صفائی وستھرائی کے عمل کی بہتری کو یقینی بنا نے کے لئے بروئے کار لائیں اس موقع پر انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ شاہ فیصل ٹائون میں صاف ستھرے ماحول کے قیام کے لئے ٹائون ایڈمنسٹریشن سے تعاون کریں اس موقع پر چیف آفیسر کمال مصطفی نے آن روڈ حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کو عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے انتظامات اور صفائی و ستھرائی کے حوالے سے جاری مہم پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتا یا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے انتظامات منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ انجا م دیا جارہا ہے صفائی وستھرائی کے حوالے سے شاہ فیصل ٹائون میں 24گھنٹے تین شفٹوں میں صفائی وستھرائی کے کاموں کی انجام دہی کو یقینی بنا یا جا رہا ہے۔
دورے کے موقع پر متعلقہ ذمہ دران کو ہدایت کرتے ہوئے چیف آفیسر کمال مصطفی نے کہاکہ صاف ستھرے ماحول پر کسی بھی قسم کی غفلت اور لاپراہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے ٹائون کی ہر گلی اور محلے میں صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر بنا یا جائے ،کچرا ،مٹی اور ملبہ پھیلانے اور کچرے کو آگا لگانے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لاکر اس کی روک تھام کی جائے ۔چیف آفیسر کمال مصطفی نے رکن صوبائی اسمبلی کو یقینی دلا یا کہ عوامی تعاون کے ذریعے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر صاف ستھرا اور مسائل سے پاک معاشرے کے قیام کو یقینی بنا یا جائے گا۔