بحرین : (جیو ڈیسک) متنازعہ فارمولا ون بحرین گراں پری ریس جرمن ڈرائیور سیبسٹیان ویٹل نے جیت لی۔ ریس کیلئے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔ بحرین میں پر تشدد واقعات کے باوجود فارمولا ون گراں پری ریس کا انعقاد کیا گیا۔ ستاون لیپس پر مشتمل ریس میں جرمن ڈرائیور سیبسٹیان ویٹل فاتح رہے۔
جرمن ڈرائیور نے رواں سال کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے کیرئیر کا بائیسواں ٹائٹل جیتا ہے۔ ویٹل نے ایک گھنٹہ پینتیس منٹ دس اعشاریہ نو نو صفر سیکنڈ میں مقررہ راؤنڈز مکمل کیے۔ ریس کے دوران ان کا مقابلہ سابق عالمی چیمپیئن فن لینڈ کے کمی رائی کونن سے کانٹے کا ثابت ہوا جو دوسرے نمبر پر آئے۔ آسٹریلیا کے مارک ویبر چوتھی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔