وزیرداخلہ عبدالرحمان ملک نے خبردار کیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران ملک میں دہشت گردی کا خطرہ ہے۔ اسلام آباد میں گلگت بلتستان کے وزیراعلی سید مہدی شاہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شرپسندوں کی کارروائیوں کو ناکام بنانے کے لیے ملک کے تمام طبقات آپس میں اخوت اور بھائی چارے سے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں دو اسکاوٹس کی ہلاکت کا سخت نوٹس لیا گیا ہے اور کراچی کے حساس علاقوں میں پیٹرولنگ میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے پاس دہشت گردوں کے بارے میں کوئی اطلاع ہو تو فورا مطلع کرے۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں محرم الحرام کے دوران امن وامان کی ذمہ داریاں اسکاوٹس کو سونپی گئی ہیں۔