محرم الحرام کے دوران لاء اینڈآرڈر یقینی بنایا جائے گا،نوازش علی

گجرات(جی پی آئی)ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر نوازش علی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران لاء اینڈآرڈر یقینی بنایا جائے گا، معاشرے میں مذہبی رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے علما ء کرام اپنا مثبت کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں جبکہ شہری بھی سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی او سی شجاع قطب پاشا، ایڈمنسٹریٹر سمیر احمد سید، نجیب ملک ، پولیس، گیپکو، پی ٹی سی ایل، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس کے افسران ، انجمن تاجراں کے صدراور علماء کرام بھی موجود تھے۔ نوازش علی نے کہا کہ ضلع گجرات مذہبی رواداری کے حوالے سے ہمیشہ مثالی رہا ہے تاہم ماضی میں ہونے والے بعض واقعات تقاضا کرتے ہیں کہ ہم سب الرٹ رہیں اور گرد و پیش کے حالات پر کڑی نظر رکھیں۔

ڈی سی او نے ٹی ایم اے کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ جلوس کے راستو ں پر بلاتاخیر پیچ ورک مکمل کرائیں، سٹریٹ لائیٹس کا نظام درست کیا جائے ۔ انہوں نے گیپکو افسران کو ہدایت کی کہ مجالس کے اوقات میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جاے نیز لٹکتے تار درست کئے جائیںاور سٹینڈبائی جنریٹرزکا انتظام رکھا جائے۔ ڈی سی او نوازش علی نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم امام حسین علیہ السلام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی عظیم قربانی حق کے لیے ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے۔ انکا فکرو عمل اپنا کر ہی دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے ۔ اس موقع پر مولانا سعید احمد شاہ گجراتی، چوہدری منظو ر حسین وڑائچ، جاوید بٹ، سید صابر حسین، مولانا حسین کاظمی و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ سید الطاف الرحمان، خادم علی خادم، خاور بشیر، محمد خالد عطاری، سید الطاف شاہ ، سید نوازش علی، شیخ حفیظ اللہ، قاضی کفایت اللہ و دیگر بھی موجود تھے۔