لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، موسم کی خرابی کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی۔ دوسری طرف راولپنڈی میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔
لاہور میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ سب سے زیادہ بارش چراٹ میں 148 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ سیدو شریف میں 138، رسالپور، 136، لوئر دیر 107، راولا کوٹ میں 95 ، چکوال میں 94 ، اسلام آباد میں 69 ، کوہاٹ میں 61 ، میانوالی میں 51 ملی میٹر بارش ہوئی۔
دوسری طرف پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ اب تک مالم جبہ میں ساڑھے تین فٹ جبکہ کالام میں 3 فٹ ، دیر میں ایک فٹ اور مری میں 8 انچ برف پڑ چکی ہے۔ لواری ٹاپ سمیت کوہستان اور بروال کے علاقوں میں 4 سے6 فٹ تک برف پڑی۔ سکردو میں برف باری کا سلسلہ دوسرے دن بھی جاری رہا جس کے باعث ڈیڑھ سو سے زائد بالائی علاقوں کا زمینی راستہ منقطع ہو گیا۔
اسلام آباد میں بارش کے باعث اندرون ملک اور بیرون ملک سے آنے والی متعدد پروازوں کو لاہور اتار لیا گیا جبکہ متعدد پروازوں کو ان کی روانگی کے مقامات پر ہی روک لیا گیا۔ مظفر آباد، راولاکوٹ اور پنجاب کو جانیوالی اہم شاہراہیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند کر دی گئیں۔ دوسری طرف سرد ہوائیں بلوچستان کے شمالی علاقوں میں داخل ہونے سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، پشاور، کوہاٹ، مالاکنڈ ڈویژن میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ سب سے کم درجہ حرار ت قلات میں منفی سات، دروش، گوپس اور ہنزہ میں منفی چار اور مری میں منفی تین ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔