مرحبا مرحبا مصطفی آ گئے

Eid Milad Un Nabi

Eid Milad Un Nabi

تحریر : وقار النسا
تمام تعریفیں اللہ عزوجل کے لئے جس نےیہ کائنات بنائی جس نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا-اور بنی نوع انسان کی راہنمائی کے لئے انبیائے کرام کو مبعوث فرمایا -رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تمام نبیوں اور رسولوں کے بعد اس دنیا میں ماہ ربیع النور میں جلوہ افروز ہوئے یہ وہ دور تھا جب کائنات میں کفر وشرک اور وحشت وبربریت کا گھپ اندھیرا چھایا ہوا تھا آپ کی آمد کے نور نے سارے عالم کو جگمگا دیا نبوت اور رسالت کا جو سلسلہ حضرت آدم سے شروع ہوا وہ آنحضورۖ پر ختم ہوگیا گزشتہ انبیاء کی تبلیغ وہدایت اور نبوت اور رسالت ایک علاقے یا ملک تک محدود رہی انہوں نےکبھی عالمگیر دعوت اور پیغام وہدایت کا دعوی نہیں کیا لیکن آپ کا پیغام عالمگیر تھا اور آپکی مخاطب پوری دنیا تھی آپ پوری کائنات کے لئے بشیر اور نذیر بن کرتشریف لائے-اور اللہ تعالی کاآخری پیغام مکمل اور محفوظ شکل میں تمام دنیا کے انسانوں کی ہدایت کے لئے چھوڑا اس کے لئے کسی نئے رسول کے آنے کی ضرورت نہیں رہی اسی لئے قرآن کریم میں آپ کوخاتم النبین کہا گیا

خاتم کے معنی عربی میں اس مہر کے ہیں جو لفافے پر اس لئے لگائی جاتی ہے کہ اس میں کوئی کمی بیشی نہ کی جا سکے اس لئے آپ کے آنے سے نبوت ورسالت کا سلسلہ سر بمہرہو گیا اور آپ کے بعد کوئی نبی نہ آئے گا حق تعالی نے دین اسلام کو حد کمال تک پہنچا کر دین کی تکمیل کا اعلان فرما دیاسورۃ المائدہ میں ارشاد ہوتا ہے ترجمہ آج میں نے تمہارے لئے تمہارا دین کامل کر دیا اور تم پر اپنی نعمت کو پورا کر دیازمین اور آسمان اور خلقت زمان مکان صرف واسطے اس جناب کی شہرت کے واقع ہوئی اگر خالق کو آپکی شان ظاہر کرنا منظور نہ عرش وکرسی لوح وقلم زمیں ارواح وفرشتے جن وانساں بہشت ودوزخ کچھ نہ بناتا ازل میں اس جناب کو خطاب ہوا جس کا ترجمہ ہے

تو برگزيدہ اور منتخب ہے اور تيرے پاس ہے میرے نور کی امانت اور میری ہدایت کے خزانے تیرے واسطے بچھاتا ہوں زمین اور بلند کرتا ہوں آسمان اور بناتا ہوں ثواب اورعذاب بہشت ودوزخاور ارشاد ہوتاہے محمدۖ میں نے کوئی شخص تم سے زیادہ بزرگ پیدا نہ کیا دنیا اور اہل دنیا کو صرف اس لئے بنایا کہ تمہارا مرتبہ پہچانیں اگر تمہیں پیدا نہ کرتا تو دنیا کو نہ بناتاآپ کے دنیا میں تشريف لانے سے قبل تمام انبیاءعلیہم السلام نے حضور کے آنے کی خوشخبری سنائی تھی-آپ کے آنے س کفر وشرک کے اندھیرے دور ہو گئے پروردگار نے بطفیل آپ کے امت محمدیہ کو بہترین امم لکھ دیا اور اس کا مرتبہ سب امتوں سے زیادہ کیا

ALLAH

ALLAH

ہزاروں کرامیں اور بڑائیاں آپ کے صدقے میں ہمیں ملیں- بہشت انکے سبب سے ہاتھ آئی اور دوزخ سے بوسیلہ ان کے رہائی پائی بہت سی چیزیں جو اگلی امتوں پر حرام تھیں ہمارے لئے حلال ہوئیں بلکہ عزت ابدی اور نعمت الہی ہم پر تمام ہوئی – ہمارے دین میں کسی طرح کی تنگی نہ رہی –قیامت کے دن اعضائے وضو ہمارے نورانی ہوں گے اور ہم سب امتوں سے سے اونچے مکان پر بیٹھیں گے سب سے بڑی دولت آپ کی شفاعت ہے جو اس امت کو حاصل ہوئیاللہ تعالی نے آپ کو تا قیامت تمام انسانوں کے لئے زندگی کے ہرمیدان میں عمدہ نمونہ بنا کر بھيجا اور آپ کی پیروی اور تقلید کو فلاح دارین کی خاطر لازمی قرار دیا کیونکہ آپ کی ذات کریم ہی پوری انسانیت کے لئے اللہ کی طرف سے ہادی بنکر آئی ہے اور آپ ہی اللہ کی آخری کتاب کی تفسیر ہیں اس لئےاللہ کی اطاعت حضورۖ کی اطاعت کے بغیر ناممکن ہے

قرآن مجید کی نظر میں رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب واحترام ایمان کی جان اور انسانیت کی روح ہے جس طرح عقیدہ توحید کے ذریعے اللہ پر ایمان لانا ضروری ہے اسی طرح رسول اللہۖ کی رسالت پر ایمان رکھ کر آپ کے احکامات کی اطاعت بھی فرض ہے

Holy Quran

Holy Quran

اللہ نے قرآن کی دولت آپ کے وسیلہ سے عطا کی –جو ھمارے لئے پیغام ہدایت ہے آپ کی سیرت طیبہ اور آپ کے اوصاف حمیدہ سے رہنمائی حاصل کرنا ہر مسلمان کے لئے لازم ہے-آپ نے اپنے کردار وعمل سے تحمل برداشت صبروشکر رواداری صلہ رحمی اورحقوق اللہ اور حقوق العباد کے بہترین نمونے چھوڑے ہیں جن کی اتباع میں ہی فلاح ہے

تحریر : وقار النسا