فلم دی آرٹسٹ کے ڈائریکٹر مشیل ازاناویسوس کو لاس اینجلس میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں ڈائریکٹرگِلڈ ایوارڈ دیا گیا ہے۔فرانس سے تعلق رکھنے والے مشیل کو ہالی وڈ میں ان کی خاموش فلم دی آرٹسٹ سے پہلے کم ہی جانا جاتا تھا۔ووڈی ایلن اور مارٹن سکورسوزی کو شکست دینے والے مشیل ازاناویسوس کا کہنا ہے کہ یہ ان کے لیے سب سے بڑی شناخت ہو سکتی ہے جس کے بارے میں انہوں نے کبھی سوچا تھا۔واضح رہے کہ چوالیس سالہ مشیل کی خاموش فلم دی آرٹسٹ فروری میں ہونے والے آسکرز ایوارڈ کی بھی مضبوط دعویدار ہے۔ڈائریکٹر گلڈ ایوارڈ اس بات کی علامت ہوتے ہیں کہ کن فلموں کو آسکر ایوارڈ ملنے کا سب سے زیادہ امکان ہے۔ڈائریکٹرگلڈ ایوارڈ کی تریسٹھ سالہ تاریخ میں صرف چھ بار ایسا ہوا جب اس ایوارڈ کے فاتح کو آسکر ایوارڈ نہیں مل پایا۔دی آرٹسٹ کو گزشتہ ہفتے اس سال کے آسکرز ایوارڈز کے لیے دس نامزدگیاں ملی ہیں جس کی وجہ سے یہ فلم بہترین فلموں کا ایوارڈ حاصل کرنے کی دوڑ میں نمایاں ہے۔لاس اینجلس میں منعقد ہونے والی تقریب میں ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد مشیل ازاناویسوس کا کہنا تھا میں امریکی نہیں ہوں اور نہ ہی فرانسیسی بلکہ میں ایک فلم ساز ہوں۔انہوں نے تقریب کے حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا یہ لمحہ میرے لیے بہت دلگداز اور رقت انگیز ہے۔