مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ آزاد الیکشن کمیشن کے قیام کا مطالبہ ملک اور قوم کے مفاد میں ہے، اسے تسلیم نہیں کیا گیا تو بیسویں آئینی ترمیم پر اتفاق نہیں ہو سکے گا۔ وزیراعظم جو بات کیا کریں اس پر قائم بھی رہا کریں۔ بہاولپور کے علاقہ لال سوہانرا میں میڈیا سے بات چیت میں میاں نواز شریف نے کہا کہ بیسویں آئینی ترمیم پر مشاورت بامعنی ہونی چاہیے، اپوزیشن کو ایک خط لکھ دینے کو مشاورت نہیں کہتے۔ انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن این آر او کے موقف پر آج بھی قائم ہے، وہی این آر او کو منظر عام پر لائے ورنہ یہ قانونی شکل اختیار کر جاتا۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ میمو گیٹ کے معاملے پر ان کا موقف واضح ہے، اس کے تمام کردار بے نقاب ہونے چاہیئں۔ ان کا کہنا تھا کہ بہاولپور صوبہ کے حق میں ہیں اسے بننا چاہیے یہ لسانیت کی بنیاد پر نہیں بن رہا۔