بیجنگ: امریکہ کے نائب صدر جوبائیڈن چین پہنچ گئے ہیں جہاں وہ چینی قیادت کو امریکہ کی معاشی صورتحال سے متعلق اعتماد میں لینے کی کوشش کریں گے۔ جوبائیڈن اپنے چینی ہم منصب ژی زن پنگ کی دعوت پر چین کا دورہ کررہے ہیں۔ عالمی ریٹنگ ایجنسی اسٹینڈرڈ اینڈ پوئرز کی جانب سے امریکہ کی ریٹنگ کم کرنے اور اسٹاک مارکیٹس میں حالیہ مندی کے بعد ان کا چین کا پہلا دورہ ہے۔ رپورٹس کے مطابق وہ چینی قیادت سے عالمی معیشت کی بحالی میں دونوں ملکوں کے مفادات کے حوالے سے گفتگو کریں گے اور کانگریس کی طرف سے خسارے میں کمی کیلئے منظور کئے گئے پیکج کی وضاحت کریں گے۔ اس وقت امریکہ ایک ٹریلین ڈالر کا مقروص ہے جبکہ چین امریکہ کو سب سے زیادہ قرض دینے والا ملک ہے۔ دوسری طرف چین کی طرف سے امریکہ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بجٹ خسارہ کم کرنے کیلئے مزید اقدامات کرے۔ چینی میڈیا نے امریکہ کی حالت پر تنقید کرتے ہوئے اسے غیرذمہ دارانہ قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے گذارا کرے۔