کشمیر کے معروف علیحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی نے چودہ سالہ ملالہ یوسف زئی پر طالبان کے حملے کو وحشیانہ اور اخلاق باختہ قرار دیا ہے۔ بدھ کوبھارت کے زیرانتظام کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں اپنی کتاب ولر کنارے کی رونمائی کے دوران انہوں نے اس حملہ کی مذمت کی اور کہا کہ یہ ان لوگوں کی حرکت ہے جو اسلام کو بدنام کرتے ہیں۔
انہوں نے ملالہ کی صحت یابی کے لئے دعا کی اور تحریک طالبان پاکستان کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا : ہم افغانستان میں سرگرم طالبان کی حمایت کرتے ہیں کیونکہ وہ ناجائز قبضہ کے خلاف جہاد کرتے ہیں۔ لیکن پاکستان کی تحریک طالبان اسی ٹہنی کو توڑ رہی ہے جس پر وہ بیٹھی ہے۔