باہمت اور پرعزم ملالہ یوسف زئی کی صدمے سے بحالی اور قوت مدافعت سے کوئین الزبتھ اسپتال کے ڈاکٹر بہت متاثر ہیں اور اس کی صحت بارے میں پرامید ہیں ۔ملالہ یوسف زئی کی حالت میں بہتری آ رہی ہے لیکن صحت یابی میں ابھی وقت لگے گا یہ کہنا ہے برمنگھم کے کوئین الزبتھ اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر ڈیوروسر کا۔
ڈاکٹر ڈیوروسر نے بتایا کہ ملالہ باہمت لڑکی ہے اس کی صدمے سے بحالی کی قوت شاندار ہے۔ ملالہ کی اس صلاحیت سے اس کا علاج کرنے والے ڈاکٹر بھی متاثر ہیں۔ ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کے لیے اسپتال میں دعائیہ پیغامات اور مالی مدد کی پیش کشوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملالہ کی صحت کے بارے میں صورت حال پر روزانہ دو مرتبہ ای میل کے ذریعے سب کو آگاہ کیا جاتا رہے گا۔