راولپنڈی (جیوڈیسک)ملالہ یوسف زئی کی حالت بہتر ہونا شروع ہوگئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملالہ کی حالت اطمینان بخش ہے اور تمام اعضا صحیح کام کر رہے ہیں۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ کے مطابق ملالہ بدستور وینٹی لیٹر پر ہے اور اس کی حالت کو مسلسل مانیٹر کیا جارہا ہے۔ مالالہ کی صورتحال پہلے سے بہتر ہے اور اسکے تمام اعضا صحیح کام کررہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملالہ کو ہر گھنٹے بعد نالی کے ذریعے مائع خوراک دی جارہی ہے۔ ملالہ کو دی جانے والی بے ہوشی کی ادویات میں بتدریج کمی کی جارہی ہے تاہم اینٹی بائیٹک معمول کے مطابق دی جارہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی منتقل کرنے کے بعد ملالہ کو 72 گھنٹے کے لیے وینٹی لیٹر پر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ 72 گھنٹے کا وقت کل پورا ہورہا ہے جس کے بعد ڈاکٹرز کا پینل ملالہ کا تفصیلی معائنہ کرے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تفصیلی معائنے کے بعد ملالہ کو وینٹی لیٹر سے ہٹانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔