راولپنڈی (جیوڈیسک)جبر اور انتہاپسندی کے خلاف مزاحمت کی علامت ملالہ یوسف زئی کو راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کر دیا گیا۔ ملالہ کی حالت میں بہتری کے لئے ڈاکٹر پرامید ہیں۔ آج ملک میں یو م دعا منایا جارہا ہے۔ دفاتر میں دن بارہ بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔
ملالہ یوسف زئی کو ایمبولینس میں کور ہیڈ کوارٹر پہنچایا گیا جہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی راولپنڈی لایا گیا۔ ملالہ یوسف کو چلڈرن ائی ٹی سی میں وینٹلی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔ ائی ایس پی آر کے مطا بق آٹھ ڈاکٹروں کا پینل ملالہ یوسف زئی کا علاج کر رہا ہے۔ برمنگھم کے دو ڈاکٹروں میں سے ایک پاکستانی اور دوسرا برطانوی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی ار نے ملالہ کیلئے اگلے 24 گھنٹوں کو اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ملالہ کی سرجری کا مقصد دماغ کی سوجن کو کم کرنا تھا۔ پشاورمیں لیفٹینٹ کرنل ڈاکٹر جنید نے ملالہ کی حالت میں بہتری کی امید ظاہر کی۔ خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات میا ں افتخار حسین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ملالہ یوسف زئی کے علاج کی سرتوڑ کوششوں میں مصروف ہیں۔
انھوں نے پوری قوم سے حوصلے بلند رکھنے کی اپیل کی۔ خیبر پختونخوا حکومت نے ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کے لئے جمعہ کو یوم دعا منانے کا اعلان کیا۔ صوبے کے سرکاری اور نجی دفاتر میں دوپہر بارہ بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ وزریر اعلی پنجاب شہباز شر یف نے بھی جمعہ المبارک کو ملالہ کیلئے یوم دعا قرار دیا ہے۔