ملک بھر میں شدید سردی ، کراچی میں درجہ حرارت پانچ ڈگری

CooldWave

CooldWave

ان دنوں ملک بھر میں اور خاص کر بالائی علاقوں میں سردی کی شدید لہر جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ لہر مزید تین دنوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمے نے کراچی کے شہریوں کو خصوصی طور پر ہوشیار کرتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ یہاں درجہ حرارت 5ڈگری تک گرسکتا ہے لہذا سخت موسم کے لئے خود کو ذہنی و جسمانی طور پر تیار کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرلیں۔
ادھر کوئٹہ سمیت بالائی بلوچستان میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے ۔کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی دس جبکہ زیارت میں منفی سولہ درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔صوبائی دارلحکومت کے علاوہ پشین ،قلعہ عبداللہ ،مستونگ ،کان مہترزئی اور قلات میں پانچ روز قبل پہاڑوں پر ہونے والی برفباری کے بعد سرد ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہ گیا ہے۔
سردی کے باعث کوئٹہ میں پانی کی پائپ لائنیں جم گئیں اور سڑکوں پر پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوکر رہ گیا ہے۔کوئٹہ سمیت پانچوں اضلا ع میں سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کے بعد گیس پریشر نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے جس سے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سردی کی شدت میں کمی آنے کی پیش گوئی کی ہے ۔