اسلام آباد: (جیو ڈیسک) معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کا کہنا ہے کہ ملک کو سیاستدانوں نے تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ اس مرتبہ نوجوان نسل الیکشن کے دوران گھروں میں بیٹھنے کے بجائے ووٹ کا حق استعمال کرے۔ اسلام آباد میں ویمن انسٹی ٹیوٹ فار سائنسز اینڈ ہیومنٹیز کی گولڈ میڈل طالبات کو نقد انعامات دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قدیر نے کہا کہ مصمم ارادے اور محنت سے ناممکن کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ اسی نظریہ پر عمل کرتے ہوئے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا، اب کوئی پاکستان کی طرف آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا۔
ڈاکٹر قدیر نے کہا کہ قتل و غارت گری، بیروزگاری اور لوڈ شیڈنگ سیاستدانوں کے تحفے ہیں۔ سیاستدان لوٹ مار میں لگے ہوئے ہیں تاہم نوجوانوں کو آئندہ الیکشن میں کردار ادا کرنا ہو گا۔ ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا کہ ماضی میں کراچی بہت پرسکون ہوا کرتا تھا مگر آج کل انسانوں کو جیسے قتل کیا جاتا ہے ایسے تو کوئی مکھی بھی نہیں مارتا۔ ایٹمی سائنسدان نے طالبات کو تلقین کی کہ اپنی ثقافت اور ادب کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور نصاب کے علاوہ بھی کتابیں پڑھنے کی عادت ڈالیں۔